Judges 12 Urdu

From Textus Receptus

Jump to: navigation, search
12 قُضاة

۱

تب افرائِؔیم کے لوگ جمع ہو کر شِمال کی طرف گئے اور اِفتاؔح سے کہنے لگے کہ جب تُو بنی عمُّون سے جنگ کرنے کو گیا تو ہم کو ساتھ چلنے کیوں نہ بُلوایا؟ سو ہم تیرے گھر کو تُجھ سمیت جلائیں گے۔

۲

اِفتاؔح نے اُن کو جواب دِیا کہ میرا اور میرے لوگوں کا بڑا جھگڑا بنی عمُّون کے ساتھ ہو رہا تھا اور جب مَیں نے تُم کو بُلوایا تو تُم نے اُن کے ہاتھ سے مُجھے نہ بچایا۔

۳

اور جب مَیں نے یہ دیکھا کہ تُم مُجھے نہیں بچاتے تو مَیں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھّی اور بنی عمُّون کے مُقابلہ کو چلا اور خُداوند نے اُن کو میرے ہاتھ میں کر دِیا۔ پس تُم آج کے دِن مُجھ سے لڑنے کو میرے پاس کیوں چلے آئے؟۔

۴

تب اِفتاؔح سب جِلعادِیوں کو جمع کرکے افرائِیمیوں سے لڑا۔ اور جِلعادِیوں نے افرائِیمیوں کو مار لِیا کیونکہ وہ کہتے تھے کہ تُم جِلعادی افرائِؔیم ہی کے بھگوڑے ہو جو افرائِیمیوں اور منسّیوں کے درمِیان رہتے ہو۔

۵

اور جِلعادِیوں نے افرائِیمیوں کا راستہ روکنے کے لئِے یَؔردن کے گھاٹوں کو اپنے قبضہ میں کر لِیا اور جو بھاگا ہُئوا افرائِیمی کہتا کہ مُجھے پار جانے دو تو جِلعادی اُس سے کہتے کہ کیا تُو افرائِیمی ہے؟ اگر وہ جواب دِیتا نہیں۔

۶

تو وہ اُس سے کہتے شِبُّلَت تو بول تو وہ سِبُّلَت کہتا کیونکہ اُس سے اُس کا صِحیح تلفُّظ نہیں ہو سکتا تھا۔ تب وہ اُسے پکڑ کر یَؔردن کے گھاٹوں پر قتل کر دیتے تھے۔سو اُس وقت بیالِیس ہزار افرائِیمی قتل ہُوئے۔

۷

اور اِفتاؔح چھ برس تک بنی اِسرائیل کا قاضی رہا۔ پھِر جِلعادی اِفتاؔح نے وفات پائی اور جِلؔعاد کے شہرں میں سے ایک میں دفن ہُئوا۔

۸

اُس کے بعد بَیت لحمی اِبصاؔن اِسرائیلِیوں کا قاضی ہُئوا۔

۹

اُس کے تِیس بیٹے تھے اور تِیس بیِٹیاں اُس نے باہر بیاہ دِیں اور باہر سے اپنے بیٹوں کے لئِے تِیس بیِٹیاں لے آیا۔ وہ سات برس تک اِسرائیلِیوں کا قاضی رہا۔

۱۰

اور اِبصاؔن مَر گیا اور بَیت لؔحم میں دفن ہُئوا۔

۱۱

اور اُس کے بعد زبُولُونی ایلؔون اِسرائؔیل کا قاضی ہُئوا اور وہ دس برس اِسرائؔیل کا قاضی رہا۔

۱۲

اور زبُولُونی ایلؔون مَر گیا اور ایّالؔون میں جو زبُولُون کے مُلک میں ہے دفن ہُئوا۔

۱۳

اِس کے بعد فِرعاتونی ہِلّؔیل کا بیٹا عبدؔون اِسرائؔیل کا قاضی ہُئوا۔

۱۴

اور اُس کے چالِیس بیٹے اور تِیس پوتے تھے جو ستّر جوان گدھوں پر سوار ہوتے تھے اور وہ آٹھ برس اِسرائیلِیوں کا قاضی رہا۔

۱۵

اور فرِعاتونی ہِلّؔیل کا بیٹا عبدؔون مَر گیا اور عمالِیقیوں کے کوہِستانی عِلاقہ میں فِرعاتؔون میں جو افرائِؔیم کے مُلک میں ہے دفن ہُئوا۔

Views
Personal tools
Navigation
Toolbox